تعزیہ بنانا کیسا اور یہ عقیدہ رکھنا کیسا کہ امام حسین نویں محرم کی شام کو تشریف لاکر صبح صادق سے پہلے وفات کرجاتے ہیں؟
Question S. No. #91
سوال:
کیا فرماتے ہیں علمائے دین ومفتیان شرع متین مسئلہ ذیل میں کہ
تعزیہ بنانا اور امام حسین علی جدہ وعلیہ السالم اور امام حسن علی جدہ وعلیہ السلام پہ عقیدہ رکھنا کہ نویں محرم الحرام کی شام کو اس عالم میں تشریف لاتے ہیں اور صبح صادق ہوتے ہی وفات کر جاتے ہیں۔ کیا ازروئے شرع یہ
فعل اور عقیدہ درست ہے؟ اور ایسا عقیدہ رکھنے والے کے متعلق کیا حکم ہے؟
بینوا توجروا
سائل:
محمد عمران مبارک پور
بِسْمِ اللهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
الجواب:
امام عالی مقام کے روضہ کا نقشہ بنا کر تبرکا اپنے گھر میں رکھنے میں حرج نہیں جس طرح اور مقامات مقدسہ مثلاً کعبہ مکرمہ مسجد نبوی اور روضہ انور کا نقشہ عام طور پر لوگ رکھتے ہیں۔ باقی آج کل
جس طرح تعزیہ عام طور سے بنتا ہے اور جس طرح تعزیہ داری کی جاتی ہے شرعاً ناجائز وحرام ہے۔
ان ایام میں اگر واقعات شهادت کربلا کی مجلس قائم کی جائے شہدائے کربلا کے نام کی سبیل لگائی جائے، ان کے نام ایصال ثواب کیا جائے اس میں کوئی قباحت نہیں، یہ عقیدہ رکھنا کہ نویں یا دسویں محرم کو حضرت اس عالم میں تشریف لاتے ہیں اور صبح صادق ہوتے ہی وفات کر جاتے ہیں، اگر لاعلمی کی بنیاد پر ہو تو جاننے کے بعد اس سے رجوع کرنا چاہئے اور اگر جان بوجھ کر ہوتو گمراہی ہے، اسی طرح وہابیہ کا یہ عقیدہ ہے کہ نبی مرکر مٹی میں مل گئے۔ لیکن اللہ تبارک وتعالی فرماتا ہے:
شہیدوں کو مردہ نہ کہو وہ تو زنده ہیں لیکن تمہیں اس کا شعور نہیں۔ والله تعالى اعلم
(ماخوذ از فتاویٰ بحر العلوم، کتاب الحظر والاباحۃ ج:۵، ص: ۴۴۹)
کتبہ:
بحر العلوم مفتی عبد المنان اعظمی رحمۃ اللہ علیہ
دار الافتا دار العلوم اشرفیہ مبارک پور
0 آپ کے تاثرات/ سوالات: