Fatwa No. #159
سوال:
کیا فرماتے ہیں مفتیان دین وملت اس مسئلہ میں کہ مشکوۃ شریف صفحہ ۳۰۸ کی حدیث میں سرمنڈانا بد مذہبوں کی نشانی قرار دیا گیا ہے تو کیا سر منڈانے والے کو بد مذہب سمجھا جاۓ؟ بینوا توجروا
المستفتی:
محمد شہاب الدین، سرسیا، سدھارتھ نگر
بِسْمِ اللهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
الجواب:
حدیث شریف میں سرمنڈانا جو بد مذہبوں کی نشانی قرار دیا گیا ہے۔ وہ یقینا حق ہے لیکن صرف سرمنڈانا ہی بد مذہبوں کی نشانی نہیں بلکہ اس کے علاوہ اور بھی نشانیاں ہیں وہ یہ ہیں کہ:
1. وہ لوگ مسلمانوں کو قتل کریں گے اور بت پوجنے والوں کو چھوڑ دیں گے (مشکوۃ المصابیح ص: ۵۳۵)
2.
اور وہ اچھی باتیں کریں گے لیکن ان کا کام برا ہوگا (مشکوۃ المصابیح ص: ۳۰۸)
3.
اور وہ جھوٹ بولنے والے اور فریب دینے والے ہوں گے۔
4.
وہ مسلمانوں کے سامنے ایسی باتیں لائیں گے جن کو انھوں نے کبھی نہ سنا ہوگا نہ ان کے باپ دادا نے (مشکوۃ ص: ۲۸)
5.
اور وہ ایسے ہوں گے جن کی نمازوں اور روزوں کو دیکھ کر مسلمان اپنی نماز اور روزوں کو حقیر سمجھیں گے۔
6.
وہ قرآن پڑھیں گے لیکن قرآن ان کے حلق کے نیچے نہیں اترے گا۔
7.
وہ دین سے ایسے نکل جائیں گے جیسے تیر شکار سے نکل جاتا ہے (مشکوۃ المصابیح ص: ۵۳۵)
لہذا تا وقتیکہ تحقیق نہ کر لی جاۓ صرف سر منڈانے والے مسلمان کو ہرگز بد مذہب نہیں سمجھا جاۓ گا۔ اس لیے کہ بہت سے بد مذہب اور گمراہ اپنی بد مذہبی اور گمراہی کو پھیلانے کے لیے صالحین اور بزرگان دین کی خصلتوں کو اختیار کر لیتے ہیں۔
مرقاۃ المفاتیح شرح مشکوۃ المصابیح میں ہے:
علامتهم التحليق وهو استئصال الشعر والمبالغة في الحلق وهو لا يدل على أن الحلق مذموم فإن الشيم والحلى المحمودة قد يتزيا بها الخبيث ترويجا لخبثه وإفساده على الناس وهو كوصفهم بالصلاة والقيام، وثانيهما أن يراد به تحليق القوم وإجلاسهم حلقا حلقا اه ملخصا. [الملا علي القاري، مرقاة المفاتيح شرح مشكاة المصابيح، ص: ٦/٢٣١٦ الناشر: دار الفكر بيروت]
والله تعالى اعلم.
کتبہ:
اظہار احمد نظامی
الجواب صحیح:
فقیہ ملت مفتی جلال الدین احمد امجدی علیہ الرحمہ
[فتاوی فقیہ ملت المعروف بہ فتاوی مرکز تربیت افتا ج: 1، ص: 14]
واٹس ایپ گروپ جوائن کریں
0 آپ کے تاثرات/ سوالات: